کیلیفورنیا ۔ 26 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک اسکول کے قریب فائرنگ کا تازہ واقعہ پیش آیاہے جس کے نتیجے میں 16سالہ نوجوان ہلاک اور 18سالہ نوجوان شدید زخمی ہوا ہے۔فائرنگ کا واقعہ شمالی کیلیفورنیا کے شہر فیئرفیلڈ میں واقع فیئرفیلڈ ارمیجو ہائی اسکول میں پیش آیاجس میں دو گروہوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی، واقعے کے فوری بعد دو افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے بموجب فائرنگ سے یہ محسوس ہو رہا تھا جیسے دو گروہوں میں آپس میں جنگ چھڑ گئی ہو۔فائرنگ ہونے کے بعد جیسے ہی پولیس اسکول پہنچی تو 2مشکوک افراد نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں گرفتار کر کے اسکول کو سیل کر دیا ہے، کیمپس میں کوئی بھی زخمی موجود نہیں ہے۔ والدین کے اپنے بچوں کو لینے کے لیے فائرنگ کے مقام کی قریبی جگہ کو مخصوص کر دی گئی جبکہ پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔