ویانا ، 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری اور ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف آج یہاں نیوکلیر مذاکرات سے دستبرداری اختیار کرگئے، اور اس بات چیت کے مستقبل کو غیرواضح چھوڑ دیا جبکہ معاملت کیلئے قطعی مہلت میں اندرون چار یوم باقی ہیں۔ ایرانی وفد برائے مذاکرات کے اراکین نے کہا کہ وزیر خارجہ ظریف تہران کو مشاورتوں کیلئے پرواز کررہے ہیں۔ امریکی عہدیداروں نے بھی کہا کہ کیری پیرس جارہے ہیں۔ ایک امریکی بیان میں کہا گیا کہ کیری کے مستقبل میں سفر کا پروگرام ہنوز زیر ترتیب ہے، اور ہمیں ابھی یہ پتہ نہیں کہ وہ ویانا کو کب واپس ہوں گے۔ ان تبدیلیوں سے معلوم ہوتا ہے کہ کیری یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ آیا ظریف واپس ہورہے ہیں اور مذاکرات میں دوبارہ شامل ہونے کا فیصلہ کرنے سے قبل کوئی نئی تجاویز لا رہے ہیں۔ امریکی بیان میں کہا گیا کہ کیری پیرس میں قیام کے دوران ’’یورپی ہم منصب عہدیداروں‘‘ کے ساتھ مشاورت کریں گے۔ سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ فرانسیسی وزیر خارجہ لارینٹ فابیئس اور برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ بھی ویانا بات چیت چھوڑ کر جارہے ہیں جبکہ وہ آج صبح ہی یہاں پہنچے تھے۔ ہیمنڈ نے کیری اور فابیئس سے ملاقات سے قبل دوشنبہ تک کوئی معاہدہ ہوجانے کی امید کا اظہار کیا تھا۔ ساتھ ہی انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ’’اگر ہمیں قطعی مہلت سے قبل معاملت طئے کرنا ہو تو کافی طویل سفر باقی ہے‘‘۔