کاسر گوڑ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے اس دور افتادہ شمالی ضلع میں ان لاپتہ 11 لوگوں سے متعلق چھان بین شروع کردی ہے جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ خوفناک دہشت گرد تنظیم داعش میں شامل ہوگئے ہیں ۔کاسر گوڑ ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ ایک رشتے دار کی شکایت پر یہ چھان بین شروع کی گئی ہے ۔ رشتے دار کا کہنا ہے کہ گمشدگان دبئی سے لاپتہ ہوئے ہیں ۔یہاں سے قریب چیم ناڈ پنچایت میں مندم کلم کے رہائشی کنل ہاؤس کے عبدالحمید نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ چھ لوگ بشمول ان کی 25 سالہ بیٹی نصیرا لاپتہ ہے ۔ دیگر پانچ گمشدگان میں نصیرا کے خاوند سواد (35) ، ان کے بچے مصعب (6) مرجانہ (3) معمل (11 مہینہ) اور ریحانہ (25) شامل ہیں۔ ریحانہ سواد کی دوسری بیوی ہیں ۔شکایت گزار کا کہنا ہے کہ سواد دبئی میں موبائل کی ایک دوکان پر کام کرتا تھا ۔پولیس نے شکایت گزار کے حوالے سے بتایا کہ اناکر کولم پڈی کے انصار ، ان کی اہلیہ اور تین بچے بھی لاپتہ ہیں ۔ڈسٹریکٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اے سری نواس کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ نے شکایت کی بنیاد پر چھان بین شروع کردی ہے ۔