کیرالا کو 500 ٹن چاول روانہ کرنے کے سی آر کی ہدایت

حیدرآباد ۔20اگست ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے فوری 500ٹن چاول کیرالا روانہ کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ سیلاب میں پھنسے ہوئے عوام کو غذا سربراہ کرنے کیلئے چاول روانہ کرنے کی کیرالا کی جانب سے اپیل کرنے کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ نے فوری مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے ۔واضح رہے کہ سارے ملک میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جس نے کیرالا کے بارش و سیلاب سے متاثرہ عوام کی راحت و بازآبادکاری کیلئے سب سے پہلے اور سب سے زیادہ 25کروڑ روپئے کی مالی امداد کے علاوہ آلودہ پانی کی صفائی کیلئے آراو مشینس اور تغذیہ بخش غذا روانہ کی ہے جس پر چیف منسٹر کیرالا پی وجین نے ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ سے اظہار تشکر کیا ۔ کیرالا کے عہدیداروں کی جانب سے چاول روانہ کرنے کی درخواست کرنے پر چیف منسٹر کے سی آر نے ریاستی وزیر سیول سپلائیز ایٹالہ راجندر ‘چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی ‘ کمشنر سیول سپلائیز اکون سبھروال سے بات کرتے ہوئے فوری کیرالا کو 500ٹن چاول روانہ کرنے کی ہدایت دی ۔چیف منسٹر کی ہدایت وصول ہوتے ہی تلنگانہ کے عہدیداروں نے ایک کروڑ روپئے قدر کے 500 ٹن چاول روانہ کرنے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔