کیرالا کو متحدہ عرب امارات کی طرف سے 700 کروڑ روپئے کا عطیہ

بدترین سیلاب سے تباہ حال ریاست کی دوبارہ تعمیر کیلئے خلیجی ملک کا گرانقدر تعاون
کوچی 21 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سیلاب سے بدترین متاثرہ ریاست کیرالا میں امداد، بازآبادکاری اور دوبارہ تعمیر کے کاموں کے لئے متحدہ عرب امارات کی طرف سے 700 کروڑ روپئے دیئے گئے ہیں۔ ریاستی چیف منسٹر پنارائی وجئین نے آج یہاں یہ اعلان کیا اور کہاکہ حالیہ موسلا دھار بارش و سیلاب کے نتیجہ میں 357 افراد فوت اور لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں کروڑوں روپئے کے مالی نقصانات ہوئے ہیں۔ کیرالا کے تباہ کن سیلاب کو مرکز نے سنگین نوعیت کا سانحہ قرار دیا ہے۔ کیرالا کے وزیر مال ای چندرشیکھرن نے کہاکہ ’’ہم اب بچاؤ کاموں کی مہم کو آہستگی سے بند کررہے ہیں اور امداد و بازآبادکاری کے کاموں پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ 95 فیصد متاثرہ افراد کو بچاتے ہوئے ریلیف کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔ کیرالا کے عوام سے سب سے پہلے اظہار یگانگت کرنے والے ممالک میں متحدہ عرب امارات سرفہرست ہے۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المختوم نے حال ہی میں ٹوئیٹر پر لکھا تھا کہ ’’کیرالا کے عوام بھی متحدہ عرب امارات میں ہماری کامیابی کی داستان میں ہمیشہ ہی اور اب بھی ایک اہم حصہ رہے ہیں‘‘۔ کیرالا میں 1924 ء کے بعد سے یہ اب تک کا سب سے بدترین اور تباہ کن سیلاب تھا اور اب اس ریاست کی دوبارہ تعمیر پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔