تھرواننتاپورم ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں رواں سال H1N1 انفلوینزا سے ابھی تک 23 اموات ہوچکی ہیں جبکہ اِس ریاست میں گزشتہ سال کے مقابل فلو سے متاثرہ لوگوں کی تعداد کافی بڑھی ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ جملہ 300 تا 400 سوائن فلو کیسوں کی ریاست بھر میں تاحال تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 23 افراد فوت ہوگئے۔ اسٹیٹ نوڈل آفیسر امر فیٹل نے کہاکہ اِس سال یہ بیماری کے وقوع میں اضافہ نہ صرف کیرالا بلکہ سارے جنوبی ہند میں دیکھا گیا ہے۔ چنانچہ عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔ سوائن فلو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔