کیرالا میں سیلاب متاثرین کیلئے خصوصی دعائیں

متاثرین کی مدد کیلئے فراخدلانہ تعاون کرنے ائمہ و علاء کرام کی پُرزور اپیل

تھروننتاپورم/ چینائی ۔ 23 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) کیرالا میں بقرعید خاموشی کے ساتھ منائی گئی ۔ جہاں بارش کی تباہ کاریوں سے بتدریج بہتری ہورہی ہے جس میں 8 اگست سے 251 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پڑوسی ریاست ٹاملناڈو میں بقرعید کے موقع پر اس ریاست میں طوفان متاثرین کی بہتری کیلئے نماز عید کے بعد دعائیں کی گئیں ۔ عظیم قربانی کی یادگار اس عید کے موقع پر کیرالا میں ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے مساجد میں نماز عید ادا کی اور دعائیں کی ۔ بارش اور سیلاب کے باعث فوت ہونے والوں اور متاثرین کیلئے بھی اس موقع پر خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ نشیبی علاقوں میں ابھی پانی کم ہونا ہے ‘ یہاں بچاؤ اور راحت کاری کام جاری ہے ۔اس لئے ان علاقوں میں خصوصی عیدگاہوں کی تعداد نسبتاً کم تھی ۔ کئی مساجد میں والینٹرس کو سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مصلیوں سے چندہ وصول کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ اس موقع پر علماء کرام نے ان کے خطابات میں مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے فراخدلانہ عطیات دیں ۔ جامع مسجد کے امام مولوی صہیب نے عوام پر زور دیا کہ متاثرین کی ممکنہ مدد کریں ۔ انہوں نے یہاں چندرا شیکھرن نائر اسٹیڈیم میں عیدگاہ میں نماز عید سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ سیلاب کے باعث عوام کی بڑی تعداد متاثر ہے ‘ ان کی مدد کی جائے اور انہیں تمام ممکنہ مدد اور تعاون فراہم کیا جائے ۔ مذکورہ امام نے مسلمانوں پر اس بات کیلئے بھی زور دیا کہ وہ اس رقم سے جسے انہو ںنے عید منانے کیلئے رکھا تھا متاثرین کی مدد کیلئے تعاون کریں ۔