کیرالا میں سیاسی ہلاکتیں روکنے مرکزی وزیر داخلہ کی چیف منسٹر کو ہدایت

نئی دہلی ؍ تیرواننتاپورم ۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کنّور میں آر ایس ایس کارکن کی ہلاکت پر فکرمندی ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے چیف منسٹر کیرالا اومن چنڈی کو ہدایت دی ہے کہ ریاست میں سیاسی ہلاکتیں روکنے کے لئے سخت کارروائی کریں۔ راج ناتھ سنگھ نے چنڈی سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے سیاسی ہلاکتوں پر بشمول سیاسی و سماجی کارکنوں کی ہلاکتوں پر تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے سماجی کارکن منوج کی ہلاکت پر فکرمندی ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر کیرالا سے خواہش کی کہ ایسی سیاسی ہلاکتوں کو روکنے کے لئے سخت کارروائی کریں۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر داخلہ سے کہا کہ اعلیٰ سطح کے عہدیداروں کی ایک ٹیم موقع واردات تحقیقات کیلئے روانہ کی جاچکی ہے۔ چیف منسٹر کیرالا نے مرکزی وزیر داخلہ کو تیقن دیا کہ وہ ایک کُل جماعتی اجلاس طلب کریں گے تاکہ کیرالا میں سیاسی ہلاکتوں پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ منوج نامعلوم گروہ کے ہاتھوں اس وقت قتل ہوگیا تھا جبکہ ضلع کنور میں کل اس پر حملہ کیا گیا تھا۔ ضلع کنور سیاسی اعتبار سے دھماکو صورتِ حال کا ضلع ہے۔ آر ایس ایس کارکن ایک گروہ نے اس پر دستی ساختہ بم پھینکتے ہوئے راستہ روکا اور اس کے بعد اس پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے قتل کردینے کے بعد اس علاقہ سے فرار ہوگیا۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کے قائدین نے سی پی آئی ایم پر الزام عائد کیا کہ وہیں اس ہلاکت کے پس پردہ ہے اور آج ریاست میں طلوع آفتاب سے غروب آفتاب تک ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ تیرواننتاپورم سے موصولہ اطلاع کے بموجب آج کی ہڑتال سے ضلع کنور کے علاوہ ریاست گیر سطح پر معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ ابتدائی اطلاعات کے بموجب بسیں، ٹیکسیاں اور آٹو رکشا سڑکوں پر نظر نہیں آئیں۔ دکانیں بند تھیں۔ ریاستی حکومت نے تعلیمی اداروں بشمول فنون کے کالجوں کے لئے تعطیل کا اعلان کیا تھا اور یونیورسٹیوں نے مقررہ امتحان ملتوی کردیئے۔ بسوں پر سنگباری کے اکا دکا واقعات کے سواء بڑے پیمانے پر کہیں سے بھی تشدد کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس کے بموجب آر ایس ایس اور بی جے پی کے قائدین نے ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس ہڑتال کی تائید کا اعلان کیا تھا۔ آر ایس ایس اور سی پی آئی ایم کارکنوں میں ماضی میں جن علاقوں میں پرتشدد جھڑپیں دیکھی گئی تھیں وہاں آج بحیثیت مجموعی پُرسکون صورتِ حال تھی لیکن صورتِ حال کشیدہ تھیں۔ کوزی کوڈ سے موصولہ اطلاع کے بموجب اس علاقہ میں ہڑتال تقریباً مکمل رہی۔ ہر قسم کا ٹرانسپورٹ بشمول خانگی بسیں ، لاریاں اور آٹو رکشا بند تھے۔ بین ریاستی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوئی۔ پولیس کے بموجب قتل کے خاطیوں کی تلاش میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ ایرناکلم میں ہڑتال مکمل رہی۔ سرکاری اور خانگی بسیں نہیں چل رہی تھیں۔ سنگباری کے اکا دکا واقعات کے پیش نظر آر ٹی سی بسیں بند کردی گئی تھیں۔ ہڑتال سے کوچی میٹرو کا کام بھی متاثر ہوا۔