کانگریس اور سی پی آئی (ایم) نے خطرہ سے نمٹنے کچھ نہیں کیا :بی جے پی
تھروواننتا پورم ۔ /30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی کیرالا یونٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ جنوبی ریاست ’جہاد دہشت گردی ‘ کیلئے ’زرخیز زمین ‘ میں تبدیل ہوگئی ہے اور الزام عائد کیا کہ ریاست میں حکمراں سی پی آئی (ایم) اور اپوزیشن کانگریس نے اس ’خطرہ ‘ کو اکھاڑ پھینکنے کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ بی جے پی کی قومی عاملہ کے رکن وی مرلیدھرن نے ادعاء کیا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس (داعش) میں کیرالا کے افراد کی موجودگی کی اطلاعات ہیں جو اس ریاست میں بڑھتی ہوئی جہادی دہشت گردی کا نتیجہ ہے ۔ مرلیدھرن نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کیرالا جہادی دہشت گردی کے لئے زرخیز زمین بن گیا ہے ۔ کانگریس اور سی پی آئی (ایم) اس ریاست پر ایک کے بعد دیگر کئی برسوں سے حکمرانی کررہے ہیں لیکن ان دونوں کی طرف سے اس ضمن میں اختیار کردہ موقف کو ہم نظر انداز نہیں کریں گے ۔ مرلیدھرن نے کیرالا کی ان دونوں بڑی سیاسی جماعتوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اس خطرہ کا خاتمہ کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں کیا جبکہ اس کی جڑیں اب کافی گہرائی اور گیرائی تک پھیل چکی ہیں ۔ مرلیدھرن نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کی حلیف جماعت انڈین یونین مسلم لیگ بھی اب کیرالا میں دہشت گردی پھیلانے میں اہم رول ادا کررہی ہے ۔