لکھنؤ ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اترپردیش جلد ہی ان مہلوکین کے ارکان خاندان کو مالی امداد فراہم کرے گی جو گذشتہ سال اتراکھنڈ کے سیلاب میں ہلاک ہوگئے تھے۔ ایک متعلقہ عہدیدار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش کے 1150 افراد جو چاردھام یاترا کے لئے روانہ ہوئے تھے، یا تو سیلاب کی نذر ہوگئے یا پھر ہنوز لاپتہ ہیں خصوصی طور پر وادی کیدارناتھ میں۔ ان میں سے حکومت اتراکھنڈ نے 850 افراد کی موت کے سرٹیفکیٹس یوپی حکومت کو بھیجے ہیں اور اب عہدیدار وزیراعلیٰ اکھیلیش یادو کے اعلان کردہ عبوری امداد کے 5.50 لاکھ روپئے کی ادائیگی کے طریقوں پر غور کررہے ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہیکہ وزیراعلیٰ نے شخصی طور پر عطایات جمع کرنے، راحت کاری اقدامات کا جائزہ لیا اور یہ ہدایت بھی کی تھی کہ انہیں (متاثرین) مالی امداد فراہم کرنے میں تاخیر نہ کی جائے۔
جن لوگوں کی موت کے سرٹیفکیٹس حکومت اترپردیش کو مل چکے ہیں، انہیں عبوری امداد فراہم کرنے کی کاغذی تیاریاں تکمیل کے قریب ہیں۔ سکریٹری راکیش چندر نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ کی کارروائی کے بعد 850 موت کے سرٹیفکیٹس حکومت یو پی کے حوالے کئے گئے ہیں جبکہ مزید 300 سرٹیفکیٹس ہنوز تیاری کے مراحل میں ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ایک بار پھر ضروری ہیکہ گذشتہ سال 16اور 17 جون کو اتراکھنڈ کی کیدارناتھ وادی میں آئے زبردست سیلاب میں ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے تھے جبکہ سینکڑوں افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔ گذشتہ کئی دہائیوں میں اتراکھنڈ کا وہ بدترین سیلاب تھا، جس میں مہلوکین میں ایسے کئی خاندان ہیں جن کے تمام افراد ہلاک ہوگئے۔