برفانی ادوار (Ice Ages) وقت کے طویل دورانیے تھے جب سردی اس قدر زیادہ تھی کہ برف نے قطب شمالی سے پھیل کر یورپ، ایشیاء اور شمالی امریکہ کے وسیع علاقے کو ڈھانپ لیا تھا۔ یہ ادوار تقریباً بیس لاکھ سال قبل شروع ہوئے اور ان کا اختتامی دور اندازاً 12ہزار سال پہلے کا زمانہ تھا۔ تب موسم دوبارہ گرم ہونا شروع ہوگئے اور برف پگھلنے لگی۔برفانی دور کے انسانوں کو اگر کوئی غار مل جاتا تو وہ اس میں رہنے لگتے تھے، وہ لوگ درختوں کی شاخوں، ہاتھیوں کی دیو قامت ہڈیوں اور ان کے دانتوں پر کھال لپیٹ کر بھی جھونپڑیاں بنالیتے تھے۔ اولین جھونپڑیاں تقریباً 4لاکھ سال قبل بنائی گئی تھیں۔ جھونپڑیاں فرانس کے جنوبی ساحل ٹیراماٹا (Terraamata) نامی جگہ پر بنائی گئی تھیں۔