کھیل کود سے صحت اور شہرت دونوں ممکن

محکمہ جیل کے اسپورٹس میٹ کا افتتاح : انوراگ شرما کا خطاب
حیدرآباد 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر انوراگ شرما نے کہا کہ کھیل کود انسان کو تندرست اور صحت مند رکھنے کا ایک اہم اور لازم جزو ہے ۔ کھیل کود سے انسان نہ صرف جسمانی طور پر تندرست اور چاق و چوبند رہتاہے بلکہ وہ اسپورٹس مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے اپنی شہرت اور شناخت بنا کر مایہ ناز کھلاڑیوں کی فہرست میں اپنا نام درج کر کے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی جستجو اور صلاحیت پیدا کرتا ہے ۔ مسٹر شرما آج محکمہ جیل کے زیر اہتمام اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف کریکشنل ایڈمنسٹریشن و ڈائرکٹر جنرل جیل پریڈ گراونڈ چنچل گوڑہ پر منعقدہ 27 تا 29 جنوری سہ روزہ ’ پہلے اسپورٹس میٹ ‘ کا افتتاح انجام دینے کے بعد بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب کررہے تھے ۔ انہوں نے محکمہ جیل کے عہدیداروں اور عملہ کو کھیل کود اور اسپورٹس مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا ۔ ڈی جی محابس مسٹر وی کے سنگھ نے کھیل کود کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی اور تلنگانہ کے قیام کے مختصر عرصہ ہی میں ریاست کے پہلے اسپورٹس میٹ کے انعقاد پر اظہار مسرت کیا ۔ آئی جی محکمہ جیل مسٹر چندرا شیکھر نے محکمہ جیل کی کارکردگی پر مختصراً خاکہ پیش کیا اور کہا کہ سہ روزہ اسپورٹس میٹ نئی ریاست کی پہلی میٹ ہے جس میں والی بالی ، کبڈی ، باسکٹ بال ، کراٹے ، کرکٹ ، ٹینس ، لانگ جمپ ، ہائی جمپ ، رننگ کے علاوہ دیگر کھیلوں سے متعلق زائد از 150 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ بہتر صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں ۔ ڈائرکٹر جنرل محکمہ جیل آندھرا پردیش مسٹر کرشنم راجو ، ایڈیشنل ڈی جی محکمہ سی آئی ڈی مسٹر ستیہ نارائن ، ایڈیشنل کمشنر لا اینڈ آرڈر مسٹر انجنی کمار کے علاوہ دیگر پولیس اور جیل عہدیداروں نے شرکت کی ۔۔