کھمم کے منڈلوں کو سیما آندھرا میں ضم کرنے پر احتجاج کا اعلان

درج فہرست قبائل کو نقصان کا اندیشہ ، پروفیسر کودنڈا رام

حیدرآباد۔/6مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پولٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر نشین پروفیسر کودنڈا رام نے اعلان کیا کہ کھمم ضلع کے 7منڈلوں کو سیما آندھرا میں ضم کئے جانے کے خلاف بہت جلد جے اے سی بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرام منظم کرے گی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ مرکزی حکومت نے آرڈیننس کے ذریعہ سات منڈلوں کو سیما آندھرا میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو سراسر غیردستوری اور غیر جمہوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جس تلنگانہ بل کو منظوری دی گئی اس میں مذکورہ سات منڈل تلنگانہ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ پارلیمنٹ میں منظورہ بل کے خلاف حکومت کس طرح آرڈیننس کے ذریعہ سرحدوںکو تبدیل کرسکتی ہے۔ تبدیلی کا اختیار حکومت کو نہیں بلکہ پارلیمنٹ کو ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوامی جدوجہد کے ساتھ ساتھ سات منڈلوں کے انضمام کے خلاف قانونی جدوجہد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مرکز کے اس اقدام سے سات منڈلوں میں مقیم درج فہرست قبائل کا کافی نقصان ہوگا۔ کودنڈا رام نے کہا کہ سینکڑوں نوجوانوں کی قربانیوں اور چندر شیکھر راؤ کی بھوک ہڑتال کے سبب تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پولٹیکل جے اے سی نئی ریاست میں عوام کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے اپنی مساعی جاری رکھے گی۔ انہوں نے جے اے سی کو سیاسی جماعت میں تبدیل کرنے سے متعلق امکانات کو مسترد کردیا۔