پالیر حلقہ ضمنی انتخاب میں بیالٹ پیپر استعمال کیا جائے : چیف الیکشن کمشنر سے کانگریس کی نمائندگی
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی قیادت میں کانگریس کے ایک وفد نے دہلی پہونچکر چیف الیکشن کمشنر انڈیا مسٹر نسیم زیدی سے ملاقات کی ۔ کھمم میں ٹی آر ایس کو پلینری سیشن منعقد کرنے کی اجازت کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشن کے بجائے پالیر اسمبلی کا ضمنی انتخاب کو بیالٹ سے منعقد کرنے یا پھر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو پرنٹرس سے مربوط کرنے پر زور دیا ۔ وفد میں کانگریس رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ ترجمان اعلی تلنگانہ پردیش کانگریس مسٹر شرون کمار کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے چیف الیکشن کمشنر کو پیش کردہ مکتوب میں بتایا کہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن ٹی آر ایس حکومت کے دباؤ میں کام کررہا ہے اور کانگریس کے علاوہ دوسری جماعتوں کی جانب سے دی جانے والی یادداشتوں پر غور ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔ حکمران ٹی آر ایس اقتدار ، سرکاری مشنری ، پولیس اور دولت کا بیجا استعمال کرتے ہوئے رائے دہندوں میں ڈر و خوف پیدا کرتے ہوئے اپنے لیے سازگار ماحول تیار کررہی ہے جو جمہوریت کے لیے خطرہ ہے ۔ الیکشن میں نوٹا پر کوئی عمل آوری نہیں ہورہی ہے اور الکٹرانک ووٹنگ مشین سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی جارہی ہے ۔ اس لیے کانگریس پارٹی الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اپیل کرتی ہے کہ وہ الیکٹرانک وویٹنگ مشین کے بجائے بیالٹ پیپر کے ذریعہ انتخاب کرائے یا الیکٹرانک مشینوں کو پرنٹرس سے جوڑتے ہوئے ضمنی انتخاب کو آزادانہ اور منصفانہ انداز میں انعقاد کرائے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ میں جتنے بھی انتخابات منعقد ہوئے ہیں حکمران جماعت ٹی آر ایس نے ان تمام انتخابات میں بے قاعدگیاں کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے ۔ تلنگانہ حکومت کو جمہوریت پر یقین نہیں ہے اس لیے وہ بے قاعدگیوں میں ملوث ہورہی ہے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کھمم میں ٹی آر ایس کی پلینری سیشن کا انعقاد کرنا ضوابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔ لہذا وہ چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر 27 اپریل کو کھمم میں منعقد ہونے والے پلینری سیشن کو منسوخ کرائے ۔