حیدرآباد۔/24فبروری، ( این ایس ایس ) ورنگل، کھمم کارپوریشن اور اچم پیٹ میونسپلٹی انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آج آخری تاریخ تھی۔ کھمم کارپوریشن میں 50ڈیویژنس کیلئے 650نامزدگیاں داخل کی گئیں جبکہ ورنگل کارپوریشن کے 58ڈیویژنس کیلئے 1200سے زائد پرچہ نامزدگیاں داخل کی گئی ہیں۔ اچم پیٹ میں 20 وارڈز کیلئے کافی تعداد میں پرچہ نامزدگیوں کا ادخال عمل میں آیا۔ عہدیدار پرچہ نامزدگیوں کی جانچ کررہے ہیں۔ نامزدگی سے دستبرداری کی آخری تاریخ 26 فبروری ہے۔ رائے دہی 6مارچ کو ہوگی اور 9مارچ کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ورنگل میں بلدی انتخابات کے پیش نظر /22 فبروری تا /10 مارچ دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے ۔ پولیس نے سکیورٹی انتظامات سخت کردیئے اور بغیر اجازت کسی بھی جلسہ ، جلوس ، دھرنا یا ریالی منظم نہیں کی جاسکتی ۔
بھوک ہڑتال کررہے
سابق رکن اسمبلی ہاسپٹل منتقل
حیدرآباد ۔ /24 فبروری (این ایس ایس ) پولیس نے سابق رکن اسمبلی آر کانتا راؤ کو آج صبح کی اولین ساعتوں میں بھدرا چلم ایریا ہاسپٹل منتقل کردیا ۔ وہ سنگارینی اوپن کاسٹ بازآبادکاری کے سلسلے میں حکومت سے اپنا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کررہے تھے ۔ پولیس کارروائی کے خلاف کانگریس نے کھمم ٹاؤن میں بند منایا۔