حیدرآباد۔/29نومبر، ( سیاست نیوز) ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بالی ووڈ کے ایکٹرس سے اسپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہونے کے نکتہ نظر سے اتفاق کرنے سے انکار کردیا۔ گلوبل انٹر پرینر شپ سمٹ کے دوسرے دن ایچ آئی سی سی میں اہتمام کردہ شعبہ اسپورٹس و تجارت کے موضوع پر منعقدہ ماسٹر کلاس کے مباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مباحثہ کی مشہور کامنٹیٹر ہرشا گوکھلے نے نظامت کی۔ اس مباحث میں بیاڈ منٹن کوچ پی گوپی چند، ویمنس انڈین ٹیم کی کپتان میتھالی راج وغیرہ نے حصہ لیا۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ کھلاڑی اپنی محنت سے عوام کے دلوں میں اپنا مقام بنارہے ہیں ۔ بالی ووڈ ایکٹرس سے اسپورٹس کو فروغ دینے کا جو رجحان ہے وہ بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی راتوں رات کھلاڑی نہیں بن جاتا اپنی محنت و لگن اور جستجو سے اپنا مقام بناتے ہیں۔ میتھالی راج نے کہا کہ اسپورٹس کے تمام فارمیٹس میں ہندوستانی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کررہے ہیں۔ بالخصوص لڑکیاں جی توڑ کوشش کررہی ہیں مگر اکثر یہ دیکھا جارہا ہے کہ مالی موقف بہتر رہنے والے ہی اسپورٹس کی طرف راغب ہورہے ہیں۔