کچرہ پھینکنے پر کارروائی، کچرہ دانوں کی قلت

موٹر گاڑیوں کے فقدان سے کچرہ منتقلی میں رکاوٹ
حیدرآباد ۔ یکم مارچ، ( سیاست نیوز) بلدی عہدیداران عوام کو خاص مقامات پر کچرہ ڈالنے سے منع کررہے ہیں اور اس مناسبت سے زبردست تشہیر کررہے ہیں تاہم کچرا ڈالنے کیلئے مناسب انتظامات نہیں ہیں۔ تمام بستیوں میں آٹوز روزانہ پابندی کے ساتھ نہ آنے کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات درپیش ہیں اور اکثر بستیاں جیسے راجندر نگر، سلیمان نگر، عطا پور وغیرہ میں کچرا منتقل کرنے والے آٹوز نہ آنے کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ عہدیداران کے مطابق اس سرکل کے احاطہ میں 60800 خاندان رہائش پذیر ہیں جس کیلئیجملہ 110 آٹوز کی ضرورت ہے ۔ مگر اس سرکل میں صرف 56 آٹوزہی ہیں۔ اگر یہ تمام آٹوز ٹھیک حالت میں روزانہ خدمات انجام دیں تو بھی عہدیداران نصف نشانہ کی ہی تکمیل کر پائیں گے اور مزید 50% افراد کچرے کی منتقلی سے متعلق پریشانی میں مبتلاء ہیں۔ اعلیٰ عہدیداران اس سرکل میں مزید آٹوز فراہم کرنے کا وعدہ تو کررہے ہیں مگر تاحال مزید آٹوز فراہم نہیں کئے گئے ہیں۔ سرکل کی ڈپٹی کمشنر وجئے لکشمی نے کہا کہ کچرے کی منتقلی کیلئے مزید آٹوز کی ضرورت پر مشتمل رپورٹ اعلیٰ عہدیداروں کو پیش کردی گئی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ آٹوز کی کمی کی وجہ سے بستیوں میں ایسے مسائل درپیش ہیں اور عنقریب مزید آٹوز فراہم کئے جانے والے ہیں۔