کپڑا بینک کے لیے کینڈا کے فی سبیل اللہ ٹرسٹ کا خصوصی عطیہ

کنٹینر بھر کپڑوں کی فراہمی ، وہیل چیرس ، خود کار بیڈس اور دوسری اشیاء بھی شامل
حیدرآباد ۔ 5 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : دین اسلام میں بھوکوں کو کھانا کھلانا اور ننگوں کو کپڑے پہنانے یعنی ملبوسات فراہم کرنے کی غیر معمولی اہمیت ہے اور خیر کے ایسے کام وہی انسان کرتے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ انسانیت کے کاموں کے لیے منتخب کرلیتا ہے ۔ اللہ رب العزت کی جانب سے کسی انسان کو دوسرے انسانوں کی مدد کا ذریعہ بنایا جانا خوش نصیبی کی بات ہے ۔ غریبوں ، مسکینوں ، یتیموں ، محتاجوں ، بے کسوں ، بے بسوں اور ضرورت مندوں و مظلوموں کی مدد میں حیدرآبادی شہری سب سے آگے رہتے ہیں ۔ چاہے وہ اپنے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں مقیم ہوں یا پھر دنیا کے کسی اور ملک میں قیام پذیر ہوں ۔ ان میں ضرورت مندوں کی مدد کا جذبہ بدرجہ اتم موجود رہتا ہے ۔ اس کی بہترین مثال کینڈا میں کام کرنے والی ایک رضاکارانہ تنظیم فی سبیل اللہ ٹرسٹ ہے ۔ اس ٹرسٹ نے سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ کی سرگرمیوں سے متاثر ہو کر ان کے قائم کردہ کپڑا بینک کے لیے تاحال کپڑوں کے بشمول ضروری اشیاء کے تین کینٹینرس روانہ کئے ہیں ۔ اگست 2016 میں کپڑا بینک کے قیام کے موقع پر فی سبیل اللہ ٹرسٹ کینڈا نے کپڑوں کے دس ہزار جوڑوں پر مشتمل ایک کنٹینر روانہ کیا تھا ۔ اس مرتبہ فی سبیل اللہ ٹرسٹ کینڈا نے میلاد النبیؐ کے پر مسرت موقع پر کپڑوں ، مریضوں کے استعمال میں آنے والی ضروری اشیاء سے بھرا ایک کنٹینر روانہ کیا جس میں وہیل چیر ، خود کار پلنگ اور دوسری اشیاء شامل ہیں ۔ ان اشیاء کی غریب مریضوں میں تقسیم عمل میں آئے گی ۔ ہمارے معاشرہ میں ایسے کئی مریض ہیں ایسے بے شمار ضعیف مرد و خواتین ہیں جو چلنے پھرنے سے قاصر ہیں ۔ ان کے لیے وہیل چیر راحت کا باعث بن سکتی ہے ۔ اس طرح بعض مریضوں کو خود کار بیڈس کی ضرورت ہوتی ہے لیکن وہ اس طرح کے پلنگ خریدنے سے قاصر رہتے ہیں ایسے مریض کپڑا بینک سے آٹو میٹک پلنگ حاصل کرسکتے ہیں ۔ عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں قائم کپڑا بینک سے ہر روز کم از کم 100 نادار خاندانوں میں ملبوسات کی تقسیم عمل میں آتی ہے ۔ ان میں مردانہ ، بچکانہ ، لڑکیوں اور خواتین کے ملبوسات سویٹر اور گرم کپڑے شامل ہیں ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور ڈاکٹر شوکت علی مرزا منیجنگ ٹرسٹی ہیلپنگ ہینڈ نے دفتر کپڑا بینک پہنچ کر کینڈا سے روانہ کی گئی مختلف اشیاء کا معائنہ کیا ۔ آپ کو بتادیں کہ ہر روز صبح 11 بجے تا سہ پہر تین بجے کپڑا بینک واقع عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء پر ربط پیدا کر کے ملبوسات ، جوتے چپل ، سویٹرس ( گرم کپڑے ) ، جیاکٹس ، برقعے ، گھریلو برتن وغیرہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ دولہا دلہن کے لیے شیروانی کرتا پاجامے اور لباس عروس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں ۔۔