سری نگر 2اگست (سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے لولاب میں جمعرات کو جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے ایک مختصر مسلح تصادم میں 2 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ‘کپواڑہ کے لولاب میں ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے ‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فوج اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) نے لولاب کے کھمریال میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر مذکورہ علاقہ میں جمعرات کو دوپہر کے وقت تلاشی آپریشن شروع کیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا جس میں دو جنگجو مارے گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے دو ہتھیار اور دیگر کچھ اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ۔