کٹھوعہ واقعہ: ملزمان کے وکیل انکور شرما کا متنازعہ بیان، گوجر بکروالوں کے بائیکاٹ کی اپیل

جموں ، 25اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وحشیانہ کٹھوعہ عصمت دری و قتل واقعہ کے آٹھ میں سے پانچ ملزمان کے وکیل انکور شرما نے ایک اور متنازعہ بیان داغتے ہوئے جموں کے ہندؤں سے کہا ہے کہ وہ اپنی زمین اور دیگر املاک مسلمانوں کو فروخت نہ کریں اور مسلمان گوجر بکروالوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ان سے دودھ اور اس سے بننے والی اشیاء خریدنا بند کریں۔سوشل میڈیا کی ویب سائٹس پر سات منٹ طویل ایک ویڈیو گشت کررہا ہے جس میں انکور شرما کو ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران یہ متنازعہ باتیں کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ انکور شرما نے کٹھوعہ واقعہ کا چالان عدالت میں پیش ہونے کے دن سے اب تک کئی متنازعہ بیانات دیے ہیں۔ انہوں نے گذشتہ ہفتے ایک متنازع بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ کرائم برانچ کی تحقیقات کی سربراہی ایک خاتون افسر (ڈپٹی ایس پی شیوتامبری شرما) کررہی تھیں اور اس کیس پر کام کرنا اس کی ذہانت سے باہر تھا۔ انکور شرما نے اس کے بعد ایک اور متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ جموں میں ڈیموگرافی کی تبدیلی کے خلاف مقامی لوگوں کے اندر ناراضگی پیدا ہورہی تھی اور اس ناراضگی کو ختم کرنے کے لئے آٹھ سالہ کمسن بچی کو مہرہ بنایا گیا ۔