داخلہ ٹکٹ میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ، 2600 اسٹالس، سیکورٹی اور پارکنگ کے موثر انتظامات، 5جنوری کو یوم خواتین، ای راجندر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/30ڈسمبر، ( سیاست نیوز) عالمی شہرت کی حامل 76ویں کُل ہند صنعتی نمائش کا یکم جنوری تا 15فبروری نمائش میدان پر انعقاد عمل میں آئے گا۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ یکم جنوری کی شام 5بجے نمائش میدان پر 76ویں کل ہند صنعتی نمائش کا افتتاح کریں گے۔ جبکہ صنعتی نمائش کے بڑے پیمانے پر کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ آج یہاں نمائش سوسائٹی آفس پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ای راجندر صدر نمائش سوسائٹی و وزیر فینانس و سیول سپلائیز نے اس بات کا انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش کے ذریعہ حاصل ہونے والی آمدنی سے تعلیمی ادارے چلائے جاتے ہیں اور نمائش سوسائٹی کے زیراہتمام چلائے جانے والے تعلیمی ادارہ جات میں بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم کے معاملہ میں سرکاری تعلیمی اداروں کے مقابلہ میں بہتر معیار کو برقرار رکھنے میں اپنا منفرد مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال عوام کو نمائش سوسائٹی کی جانب سے بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ احتیاطی تدابیر کے تحت جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جارہی ہے بالخصوص نمائش کو آنے والے افراد کی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور پارکنگ فیس بھی من مانی حاصل کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی۔ اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے بہتر ٹریفک انتظامات و پارکنگ کی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ صدر نمائش سوسائٹی مسٹر ای راجندر نے نمائش سوسائٹی کی مختلف شعبوں میں اپنی کارکردگی کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ اس مرتبہ نمائش دیکھنے کے شائقین کو داخلہ فیس میں کوئی اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سابقہ داخلہ فیس ہی وصول کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس مرتبہ زاید اسٹالس نمائش میں لگائے جارہے ہیں۔
توقع کے مطابق زاید از 2600 اسٹالس لگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی مختلف ریاستوں کشمیر، مغربی بنگال، اڑیسہ، گجرات، کیرالا، کرناٹک اور تاملناڈو وغیرہ سے بھی اسٹالس لگائے جارہے ہیں۔ صدر نمائش سوسائٹی نے بتایا کہ حفاظتی انتظامات کی روشنی میں سیفٹی اینڈ سیکوریٹی اقدامات کئے جائیں گے۔ نمائش کے داخلہ گیٹ پر افراد کی مکمل جانچ کی جائے گی۔ پولیس کے وسیع تر حفاظتی انتظامات کئے جانے کے باوجود واچ این واٹس اسٹاف کو سادہ لباس میں تعینات کیا جائے گا۔ بالخصوص حالات پر کڑی نظر رکھنے کیلئے سی سی ٹی ویز کے ذریعہ نمائش میدان اور اغراض و اکناف کا احاطہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں نمائش میدان میں ایک خصوصی پولیس کنٹرول روم کے ساتھ ساتھ ایک فائر اسٹیشن بھی قائم کیا جائے گا۔ مسٹر ای راجندر نے کہا کہ اس دیڑھ ماہ طویل مدتی نمائش کے دوران 5جنوری کو یوم خواتین ( صرف خواتین کو داخلہ دیا جائے گا ) رہے گا۔ جبکہ 31جنوری کو ’’ چلڈرنس ڈے ‘‘ ( یوم اطفال ) رہے گا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ نمائش میدان کے اطراف پائے جانے والے تمام سلم علاقوں کو ترقی دیتے ہوئے ان سلم علاقوں میں ڈبل بیڈ روم فلیٹس تعمیر کرکے فراہم کئے جائیں گے۔ خود چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے شہر حیدرآباد کو سلم سے پاک شہر بنانے کے اقدامات کررہے ہیں بلکہ چیف منسٹر شہر حیدرآباد کو ایک ماڈل سٹی بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر مسٹر ای ستیندرا اعزازی سکریٹری، بی سریندر ریڈی کنوینر، ڈاکٹر ایم وکرم ریڈی اڈوائزر، انیل سروپ مشرا نائب صدر آدتیہ مارگم جوائنٹ سکریٹری اور ڈاکٹر این وی این چاریلو خازن نمائش سوسائٹی کے علاوہ اشفاق حیدر بھی موجود تھے۔
گروپ II میں 439 جائیدادوں پر بھرتیاں
حیدرآباد۔30ڈسمبر، ( این ایس ایس ) تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ II سرویس کے تحت 439 جائیدادوں پر بھرتیوں کیلئے آج اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق سب رجسٹرار، میونسپل کمشنر، اے سی ٹی او، اکسائیز ایس آئی اور دیگرعہدوں کے بشمول 439 جائیدادوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔ امیدوار 31ڈسمبر تا 19 فبروری آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔24 اور 25 اپریل 2016کو امتحانات ہوں گے۔