حیدرآباد ۔ 25جولائی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ بی جے پی نے ضلع میدک میں ملنا ساگر پراجکٹ کے خلاف احتجاج کے دوران کسانوں پر پولیس لاٹھی چارج اور فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے بعض آبپاشی پراجکٹوں کی ازسرنو تزائن پر تبادلہ خیال کیلئے کُل جماعتی اجلاس کی طلبی کا مطالبہ کیا ہے ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کے لکشمن نے کہا کہ ’’ ملنا ساگر پراجکٹ کے سبب اراضیات سے محروم ہونے والے کسانوں اور خواتین پر پولیس لاٹھی چارج اور فائرنگ کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔ یہ واقعات انتہائی ناقابل مذمت ہیں ۔ حکومت کو چاہیئے کہ پراجکٹوں کی دوبارہ تزائین پر رائے معلوم کرنے کیلئے کُل جماعتی اجلاس طلب کرے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم مسئلہ پر وسیع تر مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے۔