کویت کی مسجد پر حملہ کرنے والا سعودی شہری ‘ تازہ انکشاف

کویت سٹی ۔28جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کویت میں آج خودکش بم بردار کی جس نے کویت کی ایک مسجد پر حملہ کیا تھا سعودی شہری کی حیثیت سے شناخت کی ہے ۔ جب کہ اس سلسلہ میں کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ نماز جمعہ کے دوران خودکش بم حملے سے 26افراد ہلاک اور دیگر 227 زخمی ہوگئے تھے ۔ کویت کی صیانتی خدمات نے عہد کیا ہے کہ خاطیوں کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے گی ۔ دولت اسلامیہ سے الحاق رکھنے والے سعودی شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ اُس نے کیا تھا ۔اس کی شناخت فہد سلیمان عبدالمحسن القبا کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔

کویت کی مسجد پرحملہ میں 26 مہلوکین
میں 2ہندوستانی شامل
کویت سٹی۔28جون ( سیاست ڈاٹ کام ) دو ہندوستانی ان 26مہلوکین میں شامل ہیں جنہیں کویت کی ایک مسجد پر دولت اسلامیہ کے خودکش حملہ میں ہلاک کردیا گیا ۔ ہندوستانی سفارت خانہ کے بموجب جس نے ہندوستانی نژاد کویت میں مقیم افراد کے بارے میں تحقیقات کی ہیں انکشاف کیا گیا کہ مہلوکین میں دو ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں ۔ احتیاطی اقدام کے طور پر کویت میں مقیم تمام ہندوستانی شہریوں کی حفاظت اور صیانت کے انتظامات میں مزید شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ سفارت خانہ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے اظہار افسوس کیا کہ مسجد صادق کویت پر 26جون کو حملہ میں ہلاک ہونے والے افراد میں دو ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں ۔دونوں مہلوکین کی شناخت 31سالہ رضوان حسین اور 25سالہ ابن عباس کے طور پر کی گئی ہے ۔ یہ دونوں نماز جمعہ میں شریک تھے جب کہ مسجد پر خودکش بم حملہ کیا گیا ۔ حسین یو پی کے ضلع سلطان پور کے دیہات ولی پور کا ساکن تھا اور مسجد کے چوکیدار کی حیثیت سے ملازم تھا ۔ ابن عباس یو پی کے ضلع امبیڈکر نگر کے دیہات جلال پور کا ساکن تھا اور ڈرائیور کی ملازمت کرتا تھا ‘ ان کی نعشیں عراق کے مقدس شہر نجف اشرف میں دفن کی جائیں گی ۔ کیونکہ یہی ان کے ارکان خاندان کی خواہش ہے ۔ ہندوستانی سفیر برائے کویت سنیل جین نے زخمی ہندوستانیوں کی عیادت کی جو امیری ہسپتال میںزیر علاج ہیں ۔ تمام زخمی ہندوستانیوں کی حالت مستحکم ہیں‘ بعض زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کیا جاچکا ہے ۔ نماز جمعہ کے دوران ایک خودکش بم بردار نے مسجد پر حملہ کیا تھا جس میں 26افراد ہلاک اور دیگر 227زخمی ہوگئے تھے ۔ اس حملہ کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے قبول کی ہے ۔