کویت سٹی ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک خودکش بمبار نے کویتی دارالحکومت کی ایک شیعہ مسجد میں آج نماز جمعہ کے دوران خود کو دھماکہ سے اڑاتے ہوئے 25 افراد کو ہلاک کردیا اور زائد از 200 دیگر زخمی ہوگئے، جو اسلامک اسٹیٹ گروپ کی جانب سے عدیم النظیر حملہ ہے۔ وزارت داخلہ نے مختصر بیان میں بتایا کہ یہ دھماکہ کویت سٹی کی الامام الصادق مسجد میں پیش آیا جس کے نتیجہ میں 25 افراد کی جان گئی۔ آئی ایس نے دعویٰ کہ کویت میں کسی شیعہ مسجد پر اپنی نوعیت کی اولین بمباری اسی نے کرائی اور جنوری 2006ء کے بعد سے اس خلیجی مملکت میں یہ پہلا دہشت گردانہ حملہ ہے۔ سعودی عرب میں آئی ایس سے ملحق گروپ جو خود کو صوبہ نجد قرار دیتا ہے، اس نے کہا کہ عسکریت پسند ابوسلیمان الموحد نے آج اس مسجد پر حملہ انجام دیا، جو اس کا دعویٰ ہیکہ سنی مسلمانوں میں شیعہ تعلیمات کو فروغ دے رہے تھے۔ سرکاری ’کونا‘ نیوز ایجنسی پر جاری کردہ بیان میں وزارت داخلہ نے کہا کہ اپنی نوعیت کے اس منفرد حملہ میں 202 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ کو ایک عینی شاہد نے بتایا کہ درجنوں ہلاکتیں ہوئی اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے اور سوشل میڈیا پر زیرگشت تصاویر سے ظاہر ہوتا ہیکہ مسجد میں ملبہ کے درمیان کئی نعشیں خون میں لت پت پڑی ہیں۔ ایک سیکوریٹی عہدیدار نے کہا کہ یہ خودکش بمباری ہوئی۔ عینی شاہدین نے اسی طرح کا بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایک خودکش بمبار نماز جمعہ کے دوران مسجد میں داخل ہوا۔ بمباری کے بعد مقام واقعہ پر پہنچنے والے ایک اے ایف پی فوٹو گرافر نے کہا کہ اس علاقہ کی پولیس نے ناکہ بندی کردی ہے۔ کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح نے فوری طور پر اس مقام کا دورہ کیا اور سرکاری زیرانتظام کویت ٹیلیویژن پر فوٹیج میں انہیں اس سفاکانہ کارروائی پر ظاہر طور پر مضطرب دیکھا گیا۔ ٹیلیویژن نے اس دھماکہ کے نتیجہ میں بڑی تباہی کا فوٹیج دکھایا اور لوگوں نے مہلوکین اور زخمیوں کی دلخراش تصاویر انٹرنیٹ پر ڈال دی ہیں۔ کویت میں 1.3 ملین آبادی کا تقریباً ایک تہائی شیعہ ہیں۔