کوکٹ پلی ٹی آر ایس امیدوار کا دورہ سریکا کلم سیٹلرس کی تائید حاصل کرنے کی کوشش

حیدرآباد ۔ 31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) شہر میں کوکٹ پلی اسمبلی حلقہ کے ٹی آر ایس امیدوار ایم کرشنا راؤ نے سریکاکلم ضلع کا دورہ کرتے ہوئے حالیہ سیلاب کے متاثرین میں امداد تقسیم کی۔ کوکٹ پلی علاقہ میں آندھرائی سیٹلرس کی قابل لحاظ تعداد کو دیکھتے ہوئے کرشنا راؤ نے سریکاکلم کا دورہ کیا اور امداد کی تقسیم کا مقصد سیٹلرس کی تائید حاصل کرنا ہے۔ تتلی طوفان کے متاثرین میں 10 لاکھ روپئے مالیاتی امدادی اشیاء تقسیم کی گئی۔ سریکاکلم ضلع کے 4 منڈلوں میں کرشنا راؤ نے دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ چاول، کپڑے اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ واضح رہے کہ کیرالا میں طوفان کے متاثرین کی امداد کیلئے کوکٹ پلی کے ٹی آر ایس قائد نے 50 لاکھ روپئے مالیاتی اشیاء روانہ کی تھی۔ مقامی افراد اور سیاسی قائدین نے ٹی آر ایس قائد کے اس جذبہ انسانی کی ستائش کی۔ کرشنا راؤ نے کہا کہ وہ خالص انسانی جذبہ کے تحت سریکاکلم پہنچے ہیں۔