کوچی میٹرو پراجکٹ میٹرو رولنگ اسٹاک کا آغاز

مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کوچس کے پہلے سیٹ کو جھنڈی دکھائی
حیدرآباد ۔ 2 جنوری (آئی این این) مرکزی وزیر شہری ترقی ایم وینکیا نائیڈو نے کوچی میٹرو پراجکٹ کیلئے میٹرو رولنگ اسٹاک کے پہلے سیٹ کو جاری کرنے کیلئے آج سری سٹی کا دورہ کیا۔ ہیلی پیاڈ پر ان کی آمد پر سری سٹی منیجنگ ڈائرکٹر رویندر سناریڈی نے استقبال کیا۔ بعد میں آلسٹم ٹرانسپورٹ انڈیا کے پروڈکشن یونٹ میں منعقدہ ایک تقریب میں وینکیا نائیڈو نے کوچی میٹرو ریل کیلئے کوچس کے پہلے سیٹ کو جھنڈی دکھائی۔ تقریب میں وزیر برقی حکومت کیرالا اے محمد، کے وی تھامس ایم پی کوچی، وی ورا پرساد راؤ ایم پی تروپتی، ڈاکٹر سریدھرن سابق ایم ڈی دہلی میٹرو، ای جارج، منیجنگ ڈائرکٹر کوچی میٹرو ریل لمیٹیڈ اور دیگر معززین موجود تھے۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے آلسٹم کے کام کی ستائش کی اور کہا کہ کوچی میٹرو رولنگ اسٹاک، انتہائی عصری ڈیزائن اور ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ ملک میں کسی بھی میٹرو پراجکٹ کیلئے فاسٹیٹ ڈیلیورڈ کوچس ہیں۔