ممتاز قانون داں سلمان خورشید کی بحث،ریکارڈ پیش کرنے اسمبلی سکریٹری کو ڈیویژن بنچ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 15۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں تین ارکان قانون ساز کونسل کو نااہل قرار دینے سے متعلق درخواست کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی گئی ۔ درخواست گزاروں بھوپتی ریڈی ، یادو ریڈی اور راملو نائک نے انہیں رکنیت سے نااہل قرار دینے کے فیصلہ کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی ہے۔ ممتاز قانون داں سلمان خورشید نے درخواست گزاروں کی جانب سے بحث کرتے ہوئے کہا کہ یہ ارکان کانگریس میں شامل نہیں ہوئے ، اس کے باوجود ان کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ سلمان خورشید نے بتایا کہ ان کے موکل نے راہول گاندھی سے محض خیر سگالی ملاقات کی ہے ، جس پر بعض میڈیا نے غلط خبریں شائع کیں۔ انہوں نے میڈیا کی خبروں کی بنیاد پر ارکان کونسل کے خلاف کارروائی کو غیر درست قرار دیا۔ حکومت کی جانب سے کل جمعرات کو جواب دیئے جانے کی ہدایت دیتے ہوئے عدالت نے سماعت کو کل تک کیلئے ملتوی کردیا ۔ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ ارکان کونسل بھوپتی ریڈی اور کے یادو ریڈی کی نشستوں پر انتخابات کیلئے 15 مئی تک کوئی اعلامیہ جاری نہ کرے۔ اسمبلی کے سکریٹری کو ہدایت دی گئی ہے کہ ارکان کونسل کو نااہل قرار دینے سے متعلق تمام دستاویزات عدالت میں پیش کئے جائیں۔ ہائی کورٹ کے کارگزار چیف جسٹس رگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس شمیم اختر پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے یہ احکامات جاری کئے ۔ نااہل قرار دیئے گئے ایک اور رکن راملو نائک کے مقدمہ کی سماعت بھی 16 مئی کو ملتوی کی گئی ۔ واضح رہے کہ 16 جنوری کو تینوں ارکان کے خلاف یہ کہتے ہوئے کارروائی کی گئی تھی کہ انہوں نے انسداد انحراف قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ صدرنشین کونسل کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے تینوں ارکان نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔