حیدرآباد۔/24 مارچ، ( سیاست نیوز) وزراء کو ریاستی قانون ساز اسمبلی کے مقابلہ قانون ساز کونسل کی کارروائی میں کوئی دلچسپی دکھائی نہیں دیتی۔ حکومت نے اگرچہ کونسل اور اسمبلی کیلئے روزانہ کی بنیاد پر وزراء کا الاٹمنٹ کیا ہے اس کے باوجود قانون ساز کونسل میں وزراء دکھائی نہیں دیتے۔ کونسل میں آج وقفہ سوالات کے موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی، ریاستی وزراء ہریش راؤ، این نرسمہا ریڈی، ایٹالہ راجندر، اندرا کرن ریڈی اور لکشما ریڈی موجود تھے لیکن جوں جوں جس وزیر کا سوال ختم ہوا وہ ایوان سے روانہ ہوگئے۔ وقفہ سوالات کے اختتام تک سوائے وزیر صحت لکشما ریڈی کے تمام وزراء ایوان سے جاچکے تھے۔ وقفہ سوالات کے بعد خصوصی تذکرہ کے تحت مختلف ارکان نے جب اپنے اپنے علاقوں کے مسائل کو پیش کیا تو تمام مسائل کا نوٹ ڈاکٹر لکشما ریڈی نے لیا۔ حالانکہ اسمبلی میں ہر مسئلہ کا متعلقہ وزیر نوٹ لیتے ہوئے کارروائی کا تیقن دیتے ہیں۔ حکومت نے آندھرا پردیش قانون ساز کونسل کیلئے استعمال کئے جانے والے ہال کو تلنگانہ کونسل کے ہال میں تبدیل کردیا ہے۔ یہ ہال ارکان کی تعداد کے اعتبار سے کسی قدر تنگ ہے جبکہ جوبلی ہال وسیع تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت جوبلی ہال کو دوبارہ سرکاری تقاریب کے لئے استعمال کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔