حیدرآباد۔ 5 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایم ایل سیز کی مخلوعہ چار نشستوں کیلئے توقع ہے کہ آئندہ دو تین دنوں میں اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ یہ چار نشستیں پی نریندر ریڈی، ایم ہنمنت راؤ، کومٹ ریڈی، راج گوپال ریڈی کے ارکان اسمبلی منتخب ہونے کی وجہ سے مخلوعہ ہوئی ہیں ۔ ان ارکان نے کونسل رکنیت سے استعفیٰ بھی دے دیا جبکہ پارٹی سے انحراف کی شکایت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کونڈا مرلی نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس طرح چار نشستیں مخلوعہ ہوئی ہیں۔فی الوقت کونسل میں 33 ارکان ہیں لہذا ان چار مخلوعہ نشستوں کیلئے انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔ علاوہ ازیں مزید تین ارکان راملو نائیک، بھوپتی ریڈی اور کے یادو ریڈی کو انحراف کے پیش نظر نااہل قرار دیا گیا تھا جس کے باعث تینوں ارکان کونسل ہائیکورٹ سے رجوع ہوئے اور توقع ہے کہ ہائیکورٹ میں آئندہ چند دنوں میں سماعت ہوگی۔ اس طرح ہائیکورٹ میں کیس کی یکسوئی کے بعد ہی کوئی قطعی فیصلہ سامنے آئے گا۔ مخلوعہ نشستوں کیلئے اب تک چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے دو قائدین جی سکھیندر ریڈی اور نوین کمار کی امیدواری کا اعلان کیا ہے ۔ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد مزید دو ناموں کا کے سی آر اعلان کرینگے ۔