سپریم کورٹ سے رجوع ہوں گے : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔ 21 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اُتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس کی جانب سے پانچواں امیدوار میدان میں اتارنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے خفیہ رائے دہی کے بجائے برسر عام رائے دہی کرانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس کی امیدوار مسز اے للیتا نے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اُتم کمار ریڈی قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل مسٹر محمد علی شبیر کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل مسٹر محمد فاروق حسین کانگریس کے قائد مسٹر خلیق الرحمن کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کرنے کیلئے ٹی آر ایس نے ایم ایل اے کوٹہ کے کونسل انتخابات میں پانچویں امیدوار کو انتخابی میدان میں اُتارا حالانکہ حکمران جماعت کے پاس ارکان اسمبلی کی تائید نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح راجیہ سبھا کے انتخابات کیلئے کھلے عام رائے دہی کا اہتمام کیا جاتا ہے، اس طرح کونسل کے انتخابات بھی کھلے عام کرانے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کی جانب سے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان کیا۔ قائد اپوزیشن نے کہا کہ کانگریس کے ٹکٹ پر جملہ 22 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اور کونسل کے انتخابات کی رائے دہی کیلئے کانگریس پارٹی اپنے ارکان اسمبلی کو وہپ جاری کرتے ہوئے پارٹی امیدوار مسز اے للیتا کو ووٹ دینے کی ہدایت جاری کرے گی۔