کولکتہ۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) زبردست آگ آج صبح 24 منزلہ افسانوی عمارت چٹرجی انٹرنیشنل بلڈنگ میں جو قلب شہر میں واقع ہے، بھڑک اٹھی۔ آتش فرو عملہ اُن افراد کو جو اس بلند عمارت میں پھنسے ہوئے تھے، بچانے میں مصروف ہے۔ اس عمارت میں کئی تجارتی ادارے قائم ہیں۔ آگ ہنوز بھڑک رہی ہے۔ 20 فائر ٹنڈرس مقام حادثہ پر روانہ کردیئے گئے ہیں۔ 4 افراد جو عمارت کے اندر پھنسے ہوئے تھے، زینے استعمال کرتے ہوئے بچا لئے گئے اور بغرض علاج دواخانہ روانہ کردیئے گئے۔ انہیں دھویں سے مربوط تکلیف کی شکایت ہے۔ مغربی بنگال کے آتش فرو خدمات کے وزیر جاوید خاں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ عمارت میں مزید کوئی شخص پھنسا ہوا نہیں ہے۔ وہ شخصی طور پر آگ بجھانے کی کارروائی کی نگرانی کررہے ہیں۔ یہ عمارت پارک اسٹریٹ اور جواہر لال نہرو روڈ چوراہے پر واقع ہے۔ بعض لوگ جو عمارت کی دوسری اور تیسری منزلوں میں پھنسے ہوئے تھے، تخلیہ کروادیئے گئے۔ آگ بارہویں اور پندرہویں منزل کے درمیان بھڑک اٹھی تھی۔ تقریباً 20 فائر ٹنڈرس اور 2 ہائیڈرالک زینے آگ پر قابو پانے کے لئے استعمال کئے جارہے ہیں۔ آگ پر قابو پانے والی خدمات کے ایک کنٹرول روم نے کہا کہ آتش فرو خدمات اور آفت سماوی سے نمٹنے والا گروپ فوری مقام حادثہ پر پہنچ گیا۔ اسی وجہ سے آگ کے مزید پھیلاؤ کو روکا جاسکا۔ جاوید خاں نے کہا کہ اس کے بعد آگ بجھانے کا کام شروع کیا گیا۔ آگ بھڑک اٹھنے کی وجوہات ہنوز نامعلوم ہیں۔ اس عمارت میں کئی دفاتر اور تجارتی ادارے قائم ہیں جن کی تفصیل ہنوز معلوم نہیں کی جاسکی۔ علاقہ کا محاصرہ کرلیا گیا ہے تاکہ کارروائی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ کئی بڑے راستوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے، کیونکہ بصورتِ دیگر آگ بجھانے کے کام میں رکاوٹیں پیدا ہوسکتی تھی۔ بڑے پیمانے پر ٹریفک جام ہوجانے کی وجہ سے دفاتر جانے والے افراد کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی لوگ دو ہائیڈرولک زینوں کے ذریعہ آگ بجھانے کیلئے کپڑوں اور کاغذ سب سے اونچی منزل سے پھینکتے ہوئے دیکھے گئے تاکہ آتش فرو عملہ کی توجہ حاصل کرسکیں اور وہ انہیں بچاکر باہر نکال سکیں۔