کولکتہ ٹسٹ کی کامیابی سے ہندوستان کو نمبرون بننے کا موقع

ٹسٹ درجہ بندی میں اسمتھ اور اسٹین کی حکمرانی
دوبئی ۔ 27 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو کٹر حریف پاکستان سے دوبارہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرنے کا موقع مل گیا ہے ، تاہم اسے جمعہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کولکتہ میں شروع ہونیو الے ٹسٹ میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی ۔ کانپور میں منعقدہ تاریخی 500 ویں ٹسٹ میں کامیابی کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی درجہ بندی میں دوبارہ نمبر ایک ٹیم بننے سے ایک ٹسٹ مقابلے کی کامیابی سے دور ہے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین مقابلوں کی سیریز کا آغاز پاکستان کے خلاف ایک نشان کے فرق سے بحیثیت نمبر دو ٹیم شروع کیا تھا اور اسے سیریز میں کامیابی کافی ہے جس کے ذریعہ وہ کٹر حریف پاکستان سے نمبر ایک مقام دوبارہ حاصل کرلے سکتی ہے ۔ علاوہ ازیں کانپور ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے آف اسپنر روی چندرن اشون نے ایک مقام کی ترقی کے ذریعہ ٹسٹ کے بہترین بولروں کی فہرست میں دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ اشوین نے نیوزی لینڈ کے خلاف کانپور میں ہندوستان کو حاصل ہونے والی 197 رنز کی کامیابی میں 10/225 کا شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان منعقدہ تاریخی 500 ویں مقابلے کے نتیجے کے بعد آئی سی سی نے نئی ٹسٹ درجہ بندی جاری کر دی۔ بیٹنگ میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن ایک درجہ ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ ہند۔ نیوزی لینڈ کانپور ٹسٹ کے بعد نئی درجہ بندی جاری کی گئی ہے جس میں بیٹنگ میں کیوی کپتان کین ولیمسن کی ترقی کے بعد تیسرے سے دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور سرفہرست بیٹسمین ہیں جبکہ  انگلش بیٹسمین جو روٹ کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔

بولنگ میں جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کا پہلا مقام ہے ۔ روی چندران اشون دوسرے اور انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ چھٹے نمبر پر موجود  ہیں۔ آل راؤنڈرس میں رویندر جڈیجہ کی پانچ درجے ترقی ہوئی ہے اور وہ اب تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔کانپور ٹسٹ میں کامیابی کے بعد حاصل ہونے والے نشانات کے ذریعہ اشوین نے ایک نشان کے فرق سے جیمس اینڈرسن سے دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے جبکہ ڈیل اسٹین 878 نشانات کے ذریعہ پہلے مقام پر فائز ہیں۔ جمعہ کو کولکتہ میں شروع ہونے والے ہند۔ نیوزی لینڈ دوسرے ٹسٹ میں اشوین جسے ایک اور مظاہرے کی اُمید کی جارہی ہے جس کے ذریعہ وہ درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرسکتے ہیںجیسا کہ وہ گزشتہ برس باکسنگ ڈے ٹسٹ کے بعد آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرلیا تھا ۔ بیٹسمینوں کی درجہ بندی میں آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کے درمیان قریبی مسابقت موجود ہے ، جیسا کہ ولیمسن 879 نشانات کے ذریعہ دوسرے ،جبکہ اسمتھ 906 نشانات کے ذریعہ پہلے مقام پر فائز ہیں۔ دریں اثناء ہندوستان کے خلاف دیگر دو ٹسٹ مقابلوں میں شاندار مظاہروں کے ذریعہ ولیمسن ٹسٹ کے سب سے بہترین بیٹسمین بن سکتے ہیں ۔ اشوین جنھوں نے نیوز ی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 40 رنز کی اننگز بھی کھیلی ہے جس کی بدولت وہ آل راؤنڈرس کی فہرست میں پہلے مقام پر آچکے ہیں۔ 450 نشانات کے ذریعہ جہاں اشوین پہلے مقام پر موجود ہیں وہیں 66 نشانات کے فرق کے ساتھ شکیب الحسن ٹسٹ کے بہترین آل راؤنڈرس میں دوسرے مقام پر فائز ہیں۔