کولکتہ ۔ 20 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کروڑہا روپئے کے شاردا چٹ فنڈ اسکام کی تحقیقات کرنے والی سی بی آئی ٹیم نے آج کولکتہ میں واقع اس گروپ کے 3 دفاتر پر چھاپہ مارا ۔ سی بی آئی نے آج صبح سویرے ہی تلاشی کارروائی شروع کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں سالٹ لیک ، بھیلا اور بھش پور میں شاردا کے دفاتر دھاوے کئے اور بعض دستاویزات ضبط کرلیے گئے ۔ یہ دھاوے ایسے وقت کئے گئے جب کہ سی بی آئی وزیر ٹرانسپورٹ مغربی بنگال مدن مترا اور ترنمول کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر سرینجوائے بوس سے پوچھ تاچھ کرنے والی ہے ۔ قبل ازیں مسٹر بوس سے سی بی آئی ایک مرتبہ پوچھ تاچھ کرچکی ہے اور بحیثیت گواہ انہیں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ۔ جب کہ مدن مترا شہر کے ایک ہاسپٹل میں شریک ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر ڈاکٹرس اجازت دیں تو ادارہ کے روبرو حاضر ہوں گے ۔ مترا اور بوس کے علاوہ سابق ترنمول کانگریس ایم پی سومین مترا جنہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ سی بی آئی نے پوچھ تاچھ کے لیے سمن جاری کردیا ہے ۔ تاہم سومین مشرا نے سی بی آئی کی جانب سے طلبی کی تردید کی ہے اور کہا کہ انہیں طلب کیا گیا تو یقینا سی بی آئی کے روبرو حاضر ہوں گے اور تحقیقات میں ممکنہ تعاون کریں گے ۔۔