کے سی آر کا چیرمین ٹی جے اے سی سے ربط ، تعمیر تلنگانہ میں رول ادا کرنے کا عزم
حیدرآباد ۔12 ۔ مارچ (سیاست نیوز) آئندہ عام انتخابات میں تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی تائید حاصل کرنے کی حکمت عملی کے طور پر ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ نے جے اے سی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام کو لوک سبھا کی کسی نشست سے مقابلہ کا پیشکش کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے خود کودنڈا رام کو فون کرتے ہوئے تلنگانہ کے کسی لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کا پیشکش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کودنڈا رام جس حلقہ سے چاہیں پارٹی امیدوار بنانے تیار ہے۔ تاہم پروفیسر کودنڈا رام نے انتخابی سیاست میں حصہ لینے میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کے سی آر کی اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ وہ جے اے سی صدرنشین کی حیثیت سے تلنگانہ ریاست کی تعمیر نو میں غیر سیاسی طور پر ہی اہم رول ادا کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ کودنڈا رام نے بتایا کہ وہ بارہا عوام میں یہ اعلان کرچکے ہیں کہ وہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے ۔ لہذا وہ اپنے اعلان پر قائم رہنا چاہتے ہیں۔ تاہم چندر شیکھر راؤ نے ان سے خواہش کی کہ وہ ملاقات کریں تاکہ اس مسئلہ پر بات چیت کی جاسکیں۔ واضح رہے کہ جے اے سی کے کئی قائدین آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کی خواہاں ہیں اور مختلف جماعتیں انہیں پارٹی ٹکٹ کا پیشکش کر رہی ہے۔
انتخابات میں بہتر مظاہرہ کیلئے کانگریس ، ٹی آر ایس اور بی جے پی نے جے اے سی قائدین کو پارٹی ٹکٹ کا پیشکش کیا ہے۔ تلنگانہ جے اے سی سے تعلق رکھنے والے دو قائدین سوامی گوڑ اور سدھاکر ریڈی ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر قانون ساز کونسل کیلئے منتخب ہوچکے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس نے دوسری جماعتوں سے پہلے جے اے سی کے ایک اہم قائد سرینواس گوڑ کو محبوب نگر اسمبلی حلقہ سے ٹکٹ کا اعلان کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس اور بی جے پی نے بھی جے اے سی کے بعض قائدین کو پارٹی ٹکٹ کا پیشکش کیا۔ تاہم جے اے سی قائدین پارٹی کے انتخاب کے مسئلہ پر الجھن کا شکار ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ جے اے سی کے تقریباً 10 قائدین انتخابات میں حصہ لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ان کی اولین ترجیح ٹی آر ایس ہے۔ اگر ان کی پسندیدہ نشستیں ٹی آر ایس سے حاصل نہ ہوں تو وہ کانگریس یا بی جے پی کا رخ کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ جے اے سی کے جو قائدین انتخابات میں حصہ لینے کے خواہاں ہیں ان میں کے وینکٹ سوامی لکچرر پولیٹیکل سائنس سٹی کالج ، ملے پلی لکشمیا معاون صدرنشین جے اے سی ، دیوی پرساد صدرنشین تلنگانہ این جی اوز ، سی وٹھل ، اے دیاکر ، انقلابی گلوکار بالا کرشن اور راجندر ریڈی شامل ہیں۔ ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ نے جے اے سی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام کو لوک سبھا ٹکٹ کا پیشکش کرتے ہوئے مکمل جے اے سی کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔