کوئلہ کی شدید قلت سے برقی پیداوار میں کمی

برساتی پانی کوئلہ کی کانوں میں داخل، کانکنی مسدود

حیدرآباد 9 سپٹمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش اور سیلاب کے سبب کوئلہ کی کانوں میں برساتی پانی جمع ہوگیا ہے۔ چنانچہ کوئلہ کی پیداوار میں کمی کے نتیجہ میں کئی پاور اسٹیشنوں میں برقی پیداوار بھی بُری طرح متاثر ہوتی ہے۔ سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ سے کوئلہ کی سربراہی میں کمی کے سبب نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن (این ٹی پی سی) کے 200 میگاواٹ یونٹ میں منگل کو برقی پیداوار روک دی گئی۔ راماگنڈم میں این ٹی پی سی کے 2600 میگاواٹ صلاحیتی یونٹ پیر سے ہی اپنے ایک 200 میگاواٹ صلاحیتی یونٹ کو بند کردیا ہے۔ این ٹی پی سی کا رام گنڈم یونٹ 2200 میگاواٹ برقی پیدا کررہا ہے لیکن کوئلہ کی شدید قلت کے سبب فی الحال صرف 1400 میگاواٹ برقی پیدا کررہا ہے۔ گزشتہ تین دن کی بارش کے نتیجہ میں سنگارینی کالریز میں کوئلہ کی پیداوار میں زائداز 1.5 لاکھ میٹرک ٹن کمی ہوئی ہے۔ این ٹی پی سی روزانہ 38000 میٹرک ٹن کوئلہ حاصل کرتا ہے اور سنگارینی کالریز یومیہ 32,000 تا 35,0000 ہزار میٹرک ٹن کوئلہ فراہم کرتی ہے۔ لیکن کانوں میں برساتی پانی جمع ہوجانے کے سبب اب کانکنی روک دی گئی ہے۔