کوئلہ اسکام کی تحقیقات سے دور ہونے تیار

نئی دہلی 4 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی ڈائرکٹر رنجیت سنہا نے آج کہا کہ اگر سپریم کورٹ حکم دے تو وہ خود کو کوئلہ بلاک اسکام کی تحقیقات سے دور کرلیں گے ۔ ان پر 2G اسکام میں تحقیقات کا سامنا کر رہی کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقات پر تنقیدیں ہو رہی ہیں۔ ایک غیر سرکاری تنظیم نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ انہیں کوئلہ بلاک الاٹمنٹ اسکام کی تحقیقات سے دور کردیا جائے کیونکہ انہوں نے ان تحقیقات میں مداخلت کی ہے ۔ تنظیم کامن کاز کی جانب سے یہ درخواست دائر کی گئی ہے جس میں ایک دستاویز پیش کیا گیا ہے جس میں ان کی سرکاری قیامگاہ پر آنے اور جانے والے افراد کی فہرست شامل ہے ۔ کہا گیا ہے کہ با اثر افراد ان کی قیامگاہ آتے رہے ہیں جن کا کوئلہ اسکام میں رول ہوسکتا ہے ۔ مسٹر سنہا نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کی جانب سے حکم دیا جائے تو وہ خود کو اس اسکام کی تحقیقات سے دور کرلیں گے ۔ اپنے کیرئیر کے آحری ایام میں مسٹر رنجیت سنہا تنازعات کا شکار ہیں کیونکہ ان کی قیامگاہ کے وزیٹرس رجسٹر میں ایسے افراد کے نام شامل ہیں جو 2G اور کوئلہ بلاک اسکام میں تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں اور وہ مسٹر سنہا کی قیامگاہ آتے رہے ہیں۔ سی بی آئی ان اسکامس کی تحقیقات کر رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ گوشت برآمد کرنے والے ایک تاجر معین قریشی کا نام بھی ان کے گھر آنے والوں کی فہرست میں شامل ہے جبکہ معین پر انکم ٹیکس محکمہ نے ٹیکس چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔