نئی دہلی 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کوئلہ اسکام کیس میں کانگریس ایم پی وجئے دردا اور دیگر کے خلاف سی بی آئی کی چارج شیٹ میں جو الزامات عائد کئے گئے ہیں، اِس پر سماعت کے لئے دہلی ہائیکورٹ نے 12 جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے۔ سی بی آئی کے خصوصی جج بھارت پرشر نے اِس کیس کی تاریخ مقرر کی ہے جس پر سی بی آئی نے کل اپنی قطعی رپورٹ داخل کی تھی۔ جج نے کہاکہ وہ اِس کیس کی سماعت کے بعد ہی قطعی رپورٹ پر احکام جاری کریں گے۔ عدالت نے کہاکہ سی بی آئی کی قطعی رپورٹ کا جائزہ لینے دیجئے، اِس کے بعد ہی احکام جاری ہوں گے۔ سی بی آئی نے کانگریس کے لیڈر وجئے دردا، ان کے فرزند دیویندر دردا، منوج جیسوال، ناگپور کمپنی اے ایم آر آئرن اینڈ اسٹیل پرائیوٹ لمیٹیڈ کے ڈائرکٹر اور فرم کو اِس کیس میں ملزم قرار دیا گیا ہے۔ قبل ازیں عدالت نے وجئے دردا اور دیگر کی ضمانت منظور کی تھی۔