نئی دہلی ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے آج کوئلہ بلاک مختص کرنے کی کارروائی میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کی تفصیلات کے بشمول موقف رپورٹ آج سپریم کورٹ میں پیش کردی۔ موقف رپورٹ ایک سربمہر لفافہ میں سپریم کورٹ کو پیش کی گئی۔ امکان ہے کہ سپریم کورٹ 15 جنوری کو اس رپورٹ کا جائزہ لے گا
جبکہ جسٹس آر ایم لودھا کی زیر صدارت ایک بنچ درخواست مفاد عامہ کی درخواستوں کی سماعت کرے گی ۔ تاہم سی بی آئی کے ذرائع کے حوالے سے خبر دی گئی ہے کہ سی بی آئی نے سپریم کورٹ کو اطلاع دی ہے کہ 60 کوئلہ بلاک مختص کرنے میں کوئی فوج داری جرم کا ارتکاب دریافت نہیں ہوا۔ چنانچہ انہیں جاری تحقیقات کے دائرے سے عدالت کی اجازت کے بعد خارج کردیا جائے گا۔