کوئلہ اسکام میں سی بی آئی کے پاس دو تازہ مقدمات درج

نئی دہلی۔27 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سی بی آئی نے آج سنٹرل کالریز کمپنی لمیٹیڈ اور پرکاش انڈسٹریز کے خلاف 2006-09 کے درمیان کوئلہ بلاکس کے الاٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں دو تازہ مقدمات درج رجسٹر کرلئے ہیں۔ یہ کیس درج کرنے کے فوری بعد سی بی آئی نے مختلف مقامات پر تلاشی انجام دی جن میں ایف آئی آر میں درج ان کمپنیوں کے مقامات شامل ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی نے کہا کہ تلاشی کا کام دہلی ، ناگپور ، ممبئی اور چھتیس گڑھ میں کیا جارہا ہے ۔

مزید دو کیسوں کے رجسٹریشن کے ساتھ کوئلہ بلاکس کے الاٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگی کی تحقیقات کیلئے سی بی آئی کی جانب سے درج مقدمات کی تعداد 18 تک جاپہنچی ہے ۔ دریں اثناء دہلی کی ایک عدالت نے آج کوئلہ اسکام کیس میں نوبھارت پاور پرائیویٹ لمیٹیٖڈ اور اس کے دو ڈائرکٹرس کے خلاف سی بی آئی کی داخل کردہ چارج شیٹ پر غوروخوض کے لئے 2 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔

گڑگاؤں کے امیدواروں میں ٹائر
میکانک اور گھریلو خاتون بھی شامل
گڑگاؤں۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گڑگاؤں لوک سبھا حلقہ سے 22 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جن میں اوشا رانی ورما ، کے بھگت اور عبداللطیف بھی شامل ہیں۔ ان میں ایک گھریلو خاتون، ایک پاؤ بھاجی فروخت کرنے والا اور ایک ٹائر میکانک ہے۔ 36 سالہ اوشا رانی ورما جو راجیو نگر کی ساکن ہے ، انہوں نے پوسٹ گریجویٹ کیا ، لیکن وہ گھریلو ذمہ داریاں نبھاتی ہیں ، اس مقابلے میں وہ واحد خاتون امیدوار ہیں۔راؤ اندرجیت سنگھ (بی جے پی ) ، یوگیندر یادو (عام آدمی پارٹی)، ذاکر حسین (انڈین نیشنل لوک دل )اور راؤ دھرم پال سنگھ (کانگریس) اصل دعویدار ہیں۔ اس حلقہ سے جملہ 13 افراد بحیثیت آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔