نئی دہلی۔9فبروری( سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل ویجلنس کمیشن نے سی بی آئی کی جانب سے کئی کروڑ روپئے مالیتی کوئلہ بلاکس مختص کرنے کے اسکام کی کئی ابتدائی تحقیقات کے بند کرنے کی قطعی رپورٹ پیش کردی ہے ۔ کمیشن نے سپریم کورٹ کے سپرد کردہ کام کی تکمیل کردی ہے اور قطعی انکشافات ایک سربمہر لفافہ میں پیش کردی ہیں ۔ سی وی سی کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ سپریم کورٹ نے گذشتہ سال 28مارچ کو کوئلہ بلاکس مختص کرنے کے معاملات کی تحقیقات ہمارے سپرد کی تھی اور ابتدائی تحقیقات ختم کرنے کی قطعی رپورٹ آج پیش کردی گئی ہے ۔ ان معاملات کی فائلس کا جائزہ بھی لیا گیا ہے ۔ کمیشن اپنے محدود وسائل اور افرادی طاقت کی وجہ سے مقررہ وقت سے زیادہ کام کرتے ہوئے اس مہم کی تکمیل کے قابل ہوا ۔ اب اس کے پاس کوئی فائیل زیرالتواء نہیں ہے۔سی بی آئی نے اب تک کوئلہ بلاکس مختص کرنے میں مبینہ بے قاعدگیوں کے لئے 38ایف آئی آر درج کئے ہیں ۔ کمیشن نے قبل ازیں سی بی آئی کے فائیلس کا جائزہ لیا اور 25ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کا جائزہ لیا ۔ سی وی سی نے اپنے انکشافات 17ابتدائی تحقیقات کے بارے میں 30اپریل 2014کو سپریم کورٹ میں پیش کردیئے تھے باقی 8کے بارے میں رپورٹ گذشتہ سال 9مئی کو پیش کی گئی ۔
آج تمام 25معاملات کی قطعی رپورٹ پیش کردی گئی۔کوئلہ بلاکس مختص کرنے کا اسکام یوپی دور حکومت کا ہے جب کہ وزیرکوئلہ کا قلمدان وزیر اعظم کے پاس تھا ۔