کنہیا ‘ خالد اور انیربن کو باقاعدہ ضمانت

نئی دہلی 26 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) جے این یو طلبا تنظیم کے صدر کنہیا کمار اور دوسرے دو طلبا کو ان کے خلاف درج غداری کے مقدمہ میںباقاعدہ ضمانت فراہم کردی گئی ہے ۔ دہلی کی ایک عدالت نے انہیں باقاعدہ ضمانت منظور کی اور کہا کہ ضمانت منظور نہ کئے جانے کی کوئی وجہ نہیںہے ۔ قبل ازیں دہلی پولیس نے آج دن میں عدالت سے کہا تھا کہ کنہیا کمار اور دوسرے دو طلبا عمر خالد اور انیربن بھٹاچاریہ نے انہیں فراہم کردہ عبوری ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی نہیں کی ہے اور انہوں نے اب تک کی تحقیقات میں تعاون بھی کیا ہے ۔ جج نے کہا کہ اس حقیقت کے پیش نظر کہ تینوں ملزم افراد عبوری ضمانت پر ہیں اور جب کبھی ان سے کہا گیا انہوں نے تحقیقات میں تعاون کیا ہے اس لئے تینوں ملزمین کنہیا کمار ‘ عمر خالد اور انیربن بھٹاچاریہ کو باقاعدہ ضمانت دی جاتی ہے ۔ اس کیلئے بھی وہی شرائط رہیں گی جو عبوری ضمانت کیلئے تھیں۔