کنگ فشر برانڈس کا ہراج ناکام ایک شخص نے بھی بولی نہیں لگائی، قرض دینے والی بینکوں کو مایوسی

ممبئی، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کنگ فشر ایرلائنس کے برانڈس اور ٹریڈ مارکس کے لئے منعقدہ ہراج آج بُری طرح ناکام ہوگیا اور بولی دہندگان ایک بھی بولی لگانے والے کو راغب نہیں کرسکے۔ تنازعات اور پریشانیوں میں گھرے ہوئے وجئے ملیا سے قرض کی وصولی کے لئے 366.70 کروڑ روپئے میں ان کے رہن شدہ اثاثوں کی فروخت کے لئے اس ہراج میں بولی دی گئی تھی۔ تاہم ایک بھی شخص نے بولی نہیں لگائی۔ عوامی شعبہ کی سرکردہ بینک ایس بی آئی کی قیادت میں ان 17 بینکوں کے کنزورشیم کی جانب سے ہراج کی یہ دوسری ناکام کوشش بھی جنھوں نے وجئے ملیا کو قرض دیا تھا۔ قبل ازیں ایک طویل عرصہ سے غیر کارکرد کنگ فشر ایرلائنس کے ہیڈ کوارٹرس کی فروخت کے لئے ہراج منعقد کیا گیا تھا جس میں ان بینکوں کو ناکامی ہوئی اور کسی نے بھی کوئی بولی نہیں لگائی۔