کنڑا کے 6 ادیبوں نے ایوارڈس واپس کردیئے

بنگلورو، 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کنڑا کے روشن خیال مفکر ایم ایم کلبرگی کا قتل واقعہ پیش آئے ایک ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود ملزمین کی گرفتاری میں ناکامی سے دلبرداشتہ کنڑا کے چھ ادیبوں نے آج اپنے ایوارڈس کنڑا ساہتیہ پریشد کو واپس کردیئے۔ کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر پندامک ہیلمبی نے بتایا کہ کلبرگی کے قاتلوں کو پکڑنے میں تاخیر کے خلاف تمام 6 بنگلورو میٹرو پالیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن آرلو ساہتیہ ایوارڈس واپس کردیئے گئے۔ واضح رہے کہ کلبرگی کو دو نامعلوم افراد نے 30 اگسٹ کو ان کی قیامگاہ پر گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔ اس واقعہ کو اظہار خیال کی آزادی کیلئے خطرہ تصور کیا جارہا ہے۔ اگرچہ پولیس دائیں بازو کے انتہا پسندوں کے رول کی تحقیقات کررہی ہے، مگر قاتلوں اور ان کے مقاصد کے بارے میں اب تک کوئی سراغ دستیاب نہیں ہوسکا۔ اس کیس کی سی آئی ڈی تحقیقات جاری ہے۔ تاہم حکومت نے سی بی آئی تحقیقات کا بھی اعلان کیا ہے۔