کناڈا کا دورہ تاریخی ‘ باہمی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا

وانکوور، 17 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )اپنے دورۂ کناڈا کا اختتام کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ یہ ایک تاریخی دورہ رہا ہے جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے مابین تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا ۔ انہوں نے آزادانہ تجارت معاہدہ، باہمی سرمایہ کاری تحفظ معاہدہ کو جلد قطعیت دینے کا بھی وعدہ کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے میزبان ہم منصب اسٹیفن ہارپر کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ میں کہا کہ کسی دورہ کی اہمیت اس کی طوالت سے نہیں ہوتی بلکہ اس کے مقاصد سے ہوتی ہے ۔ یہ ایک تاریخی دورہ رہا ہے ۔

اس لئے نہیں کہ کسی ہندوستانی وزیر اعظم نے 42 سال بعد کناڈا کا دورہ کیا بلکہ اس لئے کہ فاصلوں کے بادل ایک لمحے میں چھٹ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس دورہ کو اس لئے بھی کامیاب سمجھتے ہیں کیونکہ اس کے نتیجے میں کناڈا کے ساتھ تعلقات کا احیاء عمل میں آسکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات میں جو دیوار حائل تھی اب اسے خلیج پاٹنے کیلئے استعمال کیا جائیگا ۔ انہوںنے کہا کہ اپنی سوچ میں ہندوستان اور کناڈا یکساں ہوں گے اور مل کر آگے بڑھیں گے اور کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے باہمی سرمایہ کاری فروغ و تحفظ معاہدہ اور جامع معاشی تعاون معاہدہ پر پیشرفت کی ہے اور انہیں جلد مکمل کرلیا جائیگا ۔ مودی نے کہا کہ اس تعلق سے انہیں یقین ہے ۔ انہوں نے اپنے تین روزہ دورۂ کناڈا کے موقع پر وزیر اعظم ہارپر اور دوسروں کے ساتھ بات چیت کی ۔ مودی نے ہندوستان اور کناڈا کے مابین زبردست تعاون کے امکانات کا بھی تذکرہ کیا ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ اگر کناڈا، ہندوستان کی ترقی میں حصہ دار بنتا ہے تو اس کو فائدہ ہوگا، مودی نے کہا کہ اس کے نتیجے میں کناڈا کو یہ اطمینان بھی مل سکتا ہے کہ اس نے دنیا کی آبادی کے چھٹے حصے کی مدد کی ہے ۔ اپنے خطاب میں مودی نے سوامی ویویکا نندا کے دورۂ کناڈا کی یاد دہانی کروائی ۔

انہوں نے ہندوستانی برادری کی بھی ستائش کی جو کناڈا کی ترقی میں اہم رول نبھا رہی ہے ۔ میزبان وزیر اعظم ہارپر نے کہا کہ کناڈا ہندوستان کے ساتھ رہے گا اور دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہت کچھ کیا جانا باقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سفر کو مودی کے ویژن کی وجہ سے کامیاب بنایا جاسکتا ہے ۔ ہارپر نے بھی سوامی ویویکا نندا کے دورۂ کناڈا کی یاد دہانی کروائی اور کہا کہ 1893ء میں سوامی ویویکا نندا نے شکاگو میں عالمی مذاہب پارلیمان میں شرکت کیلئے جاتے ہوئے وانکوور میں توقف کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ویویکا نندا نے اسی موقع پر ہندوازم اور یوگا کو شمالی امریکا میں متعارف کروایا تھا ۔ تب سے کناڈا اور ہندوستان کے عوام نے ایک بہتر معیشت اور بہترین سماج پیدا کرنے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے اپنے دورے میں جن امور کو اہمیت دی اور تعلقات کو آگے بڑھانے کی بات کی ،اسے یقینی طور پر آگے بڑھایا جائیگا جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا ۔
کجریوال کیخلاف مقدمہ پر حکم التوا
نئی دہلی ، 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کو آج سپریم کورٹ سے راحت حاصل ہوئی جس نے نہ صرف دو فوجداری ہتک عزت مقدمات میں اُن پر مقدمہ چلانے سے روک دیا بلکہ مرکز سے اُن کی عرضی پر جواب بھی طلب کیا ہے، جس میں تعزیری دفعات کی دستوری افادیت کو چیلنج کیا گیا ہے۔