کنال میں شگاف ،پونے کے رہائشی علاقے زیرآب

پونے (مہاراشٹرا) 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے پونے ڈسٹرکٹ میں جمعرات کی صبح موتھا کنال کی ایک دیوار میں شگاف پڑجانے کے بعد کئی رہائشی علاقے زیرآب ہوگئے۔ اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ڈسٹرکٹ اڈمنسٹریشن نے یہ بات بتائی۔ تاہم بعض متاثرہ علاقوں میں خوف ہے جہاں کے مکینوں نے ادعا کیاکہ سیلاب کی اچانک صورتحال میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ آبپاشی کے ایک عہدیدار نے کہاکہ اس کنال کے سیدھے کنارے کی دیوار میں تقریباً 15 میٹر کے ایک شگاف کے نتیجہ میں جنتا وساہت لوکالیٹی، ڈنڈیکر برج اور ستہ گڑھ روڈ علاقوں میں پانی کا بہاؤ شدت کے ساتھ ہوا۔ کنال کے قریب میں واقع مکانات میں پانی داخل ہوگیا اور بعض سڑکیں بشمول سنہہ گڑھ روڈ کا ایک حصہ بھی زیرآب ہوگیا۔ اس عہدیدار نے کہاکہ ہم نے فوری کھڈا کواسلہ ڈیم سے اس کنال میں پانی کے اخراج کو روک دیا۔ ہم اس کنال سے پانی کے بہاؤ کو روکنے کے لئے جنگی خطوط پر کام کررہے ہیں۔