کم جونگ نیم کی موت صرف 20 منٹ میں ہوگئی تھی: ملائشیا

کوالالمپور، 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا نے کہا ہے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کم جونگ نَیم کی موت ان پر ہوئے حملے کے 20 منٹ کے اندر ہی ہو گئی تھی۔ملائشیا کے وزیرِ صحت سبرامایم سانتھاسیوم نے آج پریس کانفرنس میں کہا کہ ان پر ہوئے حملے کے 20 منٹ بعد ہی ایمبولینس میں ان کی موت ہو گئی۔ وہ کلینک میں بے ہوش ہو گئے تھے ۔’شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے سوتیلے بھائی کا گذشتہ 13 فروری کو ہوائی اڈے پر زہر دے کر قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس حملے کو انجام دینے کے لئے دو مشتبہ خواتین کو ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے ۔ جانچ میں پتہ چلا ہے کہ کم جونگ نیم کے قتل میں زہریلے کیمیکل کو استعمال کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ وی ایکس ایک غیر معمولی تباہ کن کیمیائی ہتھیار ہے اور اس کا ایک قطرہ بھی انسانی جلد پر گرنے سے انسان مر سکتا ہے ۔ یہ کیمیکل جلد کے راستے انسانی جسم میں داخل ہو کر نظامِ اعصاب کو تباہ کر دیتا ہے ۔ ملائشیا کے وزیرِ صحت سبرامایم سانتھاسیوم کے مطابق اس مہلک حملے کے بعد کوئی دوا کارگر ثابت نہیں ہو سکتی۔