کم جونگ سے بات چیت میں پیشرفت کی مائیک پامپیوکی ستائش

سیول ۔ 7اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر خارجہ امریکہ مائیک پامپیونے شمالی کوریا کے قائد کم جونگ اُن سے پیونگ یانگ میں آج بات چیت میں پیشرفت کی ستائش کی ۔ وہ آج سیول پہنچ گئے ‘ یہ اُن کا طوفانی دورہ ایشیاء ہے ۔ وزیر خارجہ امریکہ نے کم جونگ اُن سے آج دو گھنٹہ طویل ملاقات کی اور انہوں نے اس علاقہ کو نیوکلیئر ہتھیاروں سے پاک بنادینے کی ضرورت پر زور دیا اور توقع ظاہر کی کہ یہ موضوع شمالی کوریا کے بات چیت کے ایجنڈہ میں سرفہرست ہے ۔ بعد ازاں دونوں نے ایک ساتھ ظہرانہ میں شرکت کی ۔ وزیر خارجہ امریکہ نے شمالی کوریا کے قائد سے اپنی ملاقات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پیونگ یانگ کا دورہ صدرنشین کم سے ملاقات بہت اچھی رہی ۔ دونوں ممالک سنگاپور کی چوٹی کانفرنس میں ہونے والے معاہدات پر پیشرفت کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ اُن کی اور ان کی ٹیم کی میزبانی قائد شمالی کوریا نے کی اور صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ سے گذشتہ جون میں اپنی چوٹی کانفرنس کا حوالہ دیا ۔ ترجمان کے ذریعہ بات چیت کرتے ہوئے کم جونگ نے پومپیو سے ملاقات کی ‘ بہترین ملاقات ہونے کا ادعا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دن بہت مبارک دن تھا جس سے ہمارے درخشاں مستقبل کا تیقن حاصل ہوا ۔ سابق ملاقات جولائی میں یپونگ یانگ میں پامپیو کے ساتھ ہوئی تھی ۔ پامپیو نے کہا تھا کہ کئی اہم مسائل پر پیشرفت ہوئی تھی ۔ ایک عہدیدار نے آج کہا کہ پیونگ یانگ کا تازہ ترین دورہ اور پامپیو سے ملاقات شمالی کوریا کیلئے گذشتہ ملاقات سے بہتر ثابت ہوئی اور اس کے اثرات دوررس ہوں گے ۔ وہ اتوار کے دن باہم تبادلہ خیال پر فوری کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے لیکن ملاقات سے پہلے پامپیو نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا ہے کہ وہ اپنا کام اُس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک کہ مقاصد حاصل نہ ہوجائیں ۔ کم نے ایک محاورہ استعمال کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ سے اپنے تبادلہ خیال کا حوالہ دیا ۔ ٹوکیو جاتے ہوئے پامپیو نے کہا کہ ان کا مقصد امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان امن کا قیام اور دونوں ممالک کے تعلقات کو جو زنگ لگ گیا ہے اس کو صاف کرنا تھا۔