حیدرآباد ۔ /22 ڈسمبر (سیاست نیوز) کمیونٹی اور فرینڈلی پولیسنگ پالیسی پر عمل پیرا سائبر آباد پولیس نے اپنی کارکردگی کو مثالی بنانے کیلئے نیا طریقہ اختیار کرلیا ہے جو کوئی دانشور کا نظریہ یا پھر بیرون ممالک پولیس کے نہیں بلکہ ’’پیزہ کمپنی‘‘ کے سرویس بوائے کا ۔ جی یہ کوئی تعجب کی بات نہیں بلکہ خود کمشنر پولیس نے ایسا کہا ہے ۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر عوامی سہولیات کے تعلق سے ملازمین و عہدیداروں کی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں تو بہتر ہوگا ۔ لہذا انہوں نے پیزہ کمپنی کی جانب سے فیڈ بیاگ فارمولہ کو اپنایا اور سائبر آباد پولیس کمشنریٹ حدود میں اس پر عمل کیا جس سے پولیسنگ میں کافی بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سندیپ شنڈلیہ نے بتایا کہ اس طرح طریقہ کار سے پولیس کی کارکردگی میں 75 تا 80 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی ہے اور صرف 6 ماہ کے عرصہ میں اس طرح کے نتائج حاصل ہونا یقیناً خوش آئند بات ہے ۔