دلتوں کے تعلق سے کے سی آر کا رویہ آمرانہ ۔ ٹی ویرا بھدرم کا بیان
حیدرآباد۔ 6 اگست (سیاست نیوز) ریاست کی بائیں بازو جماعتوں کے تعلق سے چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ’’آنکھیں لال‘‘ کرنے و غیرشائستہ ریمارکس پر ریاستی سی پی ایم سیکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے چیف منسٹر کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ چیف منسٹر سے کسی قسم کا شخصی اختلاف نہیں ہے تاہم سیاسی اعتبار سے پروگراموں و پالیسیوں پر اختلاف رائے ضرور ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ویرا بھدرم نے کہا کہ چیف منسٹر نے ملنا ساگر کے متاثرین کے تعلق سے بازآبادکاری کے مسئلہ پر کمیونسٹ جماعتوں پر برہمی کا اظہار کیا اور ویمولا گھاٹ کسانوں کے تعلق سے وہ امتیاز برت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے معاملات میں خفیہ طور پر جی اوز جاری کرکے عدالتوں کی جانب سے حکومت کے تعلق سے سخت ریمارکس کی صورتحال پیدا کر رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ اپوزیشن کو موردالزام ٹھہراتے ہوئے راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے فیصلوں کی تائید کرنے والے چیف منسٹر کو مرکز کے خلاف لب کشانی کی ہمت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر دلتوں کے تعلق سے آمرانہ طرز عمل اختیار کررہے ہیں اور یہی رویہ برقرار رہا تو دلت طبقات چندر شیکھر راؤ کو سبق سکھائیں گے۔