کملا مل کے ہوٹل میں آتشزدگی کی عدالتی جانچ کا مطالبہ

نئی دہلی، 29دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کی کملامل کے احاطے میں واقخ ایک ہوٹل میں کل دیر رات آگ لگنے کی وجہ سے چودہ سے زیادہ لوگوں کی ہلاکت کا معاملہ آج لوک سبھا میں اٹھا اور شہر کے تمام ہوٹلوں میں آگ بجھانے کے انتظامات کی جانچ کرانے اور مذکورہ واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطلبہ کیا گیا۔ وقفہ صفر میں بی جے پی کے کریٹ سومیا نے کہا کہ ممبئی کی کملا مل احاطے میں واقع پب میں آگ لگنے سے اٹھارہ افراد کے زندہ جل کر ہلاک ہوجانے کی اطلاع ہے ۔ یہ پب غیر قانونی طورسے چل رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے بدعنوان افسران سے سانٹھ گانٹھ کرکے آگ پر قابو پانے کے طریقوں کے سلسلے میں سرٹیفکٹ حاصل کرلیا تھا۔ شہری ترقیات کی وزارت کو مہاراشٹر حکومت کے ساتھ مل کر شہر کے تمام مل احاطوں میں چلنے والے ہوٹلوں کی سلامتی اور آگ پر قابو پانے کے انتظامات کی جانچ کرنی چاہئے ۔ شیو سینا کے اروند ساونت نے کہا کہ اس حادثہ میں چودہ لوگوں کی موت ہوئی ہے جن میں گیارہ خواتین ہیں۔ ان کی موت دھوئیں کی وجہ سے دم گھٹنے سے ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ ملوں میں چلنے والے ہوٹل بڑے لوگوں کے ہوتے ہیں اور یہ ہوٹل بھی کسی کمشنر کے بیٹے کا ہے اس لئے سرکاری جانچ سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اس لئے اس واقعہ کی عدالتی جانچ کرائی جانی چاہئے۔